نئی دہلی13اگست(آئی این ایس انڈیا)مہاگٹھ بندھن ٹوٹنے کے بعد آرجے ڈی چیف لالو یادو پہلی بار اتوار کو بہار کے سیوان پہنچے۔ یہاں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے لالو نے مہاگٹھ بندھن ٹوٹنے کا ذمہ دار نتیش کو ٹھہراتے ہوئے شہاب الدین سے بات چیت معاملے پر اپنا دفاع بھی کیا۔سیوان کے داروغہ رائے کالج میں منعقد اجلاس میں لالو نے کہا کہ ہم پر الزام لگا کہ لالو یادو نے مجرم سے بات کی۔ ایک ٹی وی پر یہی چلاکہ کس طرح بات کر سکتے ہیں، ہم نے کہاکہ نتیش کمار اننت سنگھ سے کیسے بات کرسکتے ہیں؟۔ اس کے بعد لالو بولے کہ بات چیت میں ہم نے کچھ کہا ہے کیا؟ بات چیت میں شہاب الدین جی نے مجھے کچھ کہاہے کہ گیٹ کھلوادو، ہم نکل جائیں۔دراصل پچھلے دنوں ایک نیوز چینل پر لالو اور تہاڑ جیل میں بند سیوان سے آرجے ڈی کے سابق ممبرپارلیمنٹ شہاب الدین کے درمیان بات چیت کا ایک آڈیو ٹیپ سنایا گیا تھا۔ اس ٹیپ کے سامنے آنے کے بعدبہارکاسیاسی پارا اتنا چڑھا کہ وزیراعلیٰ نتیش کمارنے اس ٹیپ کی تحقیقات کاحکم دے دیا تھا۔